گجرات:عزیز بھٹی ہسپتال کی چھت گرنے سے2مریض جاں بحق،19زخمی

گجرات:عزیز بھٹی ہسپتال کی چھت گرنے سے2مریض جاں بحق،19زخمی

گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں) عزیز بھٹی شہید ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال گجرات کے سرجیکل وارڈ کی زیر تعمیر چھت گرگئی جس سے زیر علاج 2 مریض جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے ،وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ عظمت بی بی اور 65 سالہ محمد افضل شامل ہیں ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ہسپتال میں تزئین و آرائش کرنے کیلئے پلرز  کو چھوٹے کرنے کوشش کی گئی جس کے باعث سرجیکل وارڈ کی چھت کمزور پڑنے سے گرگئی۔وزیر اعلی ٰ مریم نواز شریف نے چھت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ۔ انہوں نے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ غفلت اور کوتاہی کا ارتکا ب کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ بعدازاں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو محمد صہیب احمد برتھ نے ڈپٹی کمشنر صفدر ورک کے ہمراہ ڈی ایچ کیو عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات کا دورہ کیا ، غفلت برتنے پر ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات اور سی اینڈ ڈبلیو کے انجینئر کو عہدوں سے ہٹا دیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ افسوس ناک واقعہ کی فوری تحقیقات کر ائی جائیں گی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا،خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ افسروں سے واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ۔سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ٹھیکیدار کیخلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں