ٹائیگر فورس کیس:علی امین گنڈاپور سمیت تمام ملزم بری

ٹائیگر فورس کیس:علی امین  گنڈاپور سمیت تمام ملزم بری

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )سینئر سول جج قدرت اللہ نے تھانہ بنی گالا میں پی ٹی آئی ٹائیگر فورس پر درج مقدمہ میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا۔

علی امین گنڈاپور وکیل راجہ ظہور الحسن کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے اور کہا پولیس نے چالان میں علی امین گنڈاپور کو بے گناہ کر دیا ، میرے موکل کو بری کیا جائے ، مدعی مقدمہ عامر زمان وکیل رضوان اعظم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل نے کہا وقوعہ میں زخمی شخص ملک سے باہر ہے ، علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے ، ان سے کمپرومائز ہو گیا، نامزد ملزمان کو بھی معاف کر دیا۔ عدالت نے متاثرہ شخص محمد ولید کا آن لائن بیان لیا اور استفسار کیا اس مقدمہ میں آپ نے راضی نامہ کر لیا؟ ، ولید نے کہا جی فی سبیل اللہ معاف کر دیا۔ عدالت نے علی امین کو حاضری کے بعد واپس جانے کی اجازت دی اور سماعت میں وقفہ کر دیا اور بعدازاں مقدمہ میں تمام ملزمان کو بری کر دیا ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالغفور کاکڑ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیکس کیس میں فرد جرم موخر کر کے سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی۔ علی امین وکیل ظہور الحسن کے ہمراہ پیش ہوئے اور کہا آج فرد جرم عائد ہونا تھی، عدالت نے فرد جرم آئندہ تاریخ تک موخر کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں گاڑی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔

علی امین وکیل راجہ ظہور کے ساتھ پیش ہوئے ، عدالت نے کہا شہادت مکمل ہے گاڑی پیش کر دیں،وکیل نے کہا گاڑی پیش کر دیتے ہیں۔ انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ اور توڑ پھوڑ کے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔ پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب ، عمر سلطان ، عامر مغل ، فیصل جاوید ، شبلی فراز اور علی نواز اعوان پیش ہوئے ، فاضل جج نے کہا علی امین گنڈاپور خود ہیں نہ ہی وکیل، اصول یہ ہے جیسے سب کی ضمانت خارج ہوتی ہے ایسے ہی ہو، انتظار پنجوتھا نے کہا ہم سب علی امین کی نمائندگی کر رہے ۔ عمر ایوب نے کہا بابر اعوان بیمار ہیں میری طرف سے وہی دلائل دیں گے ، فاضل جج نے کہا بابر اعوان سے زیادہ مجھے آپ کی طبیعت خراب لگ رہی، عمر ایوب نے کہا گلہ کٹ جائے آواز بانی پی ٹی آئی کی آئے گی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے توڑ پھوڑ اور احتجاج کیس میں وزیر اعلیٰ علی امین کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع اور درخواست پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے عمر مغل کے خلاف تھانہ شمس کالونی میں درج مقدمہ میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں