وزیراعلیٰ گندم برآمد کا مشورہ دینے والوں کے تعین کیلئے کمیشن بنائیں:پیپلز پارٹی

وزیراعلیٰ گندم برآمد کا مشورہ  دینے والوں کے تعین کیلئے  کمیشن بنائیں:پیپلز پارٹی

لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ کون سے لوگوں نے گندم کی فصل آنے سے پہلے اسے برآمد کرنیکا مشورہ دیا؟،وزیر اعلیٰ پنجاب ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے کمیشن قائم کریں۔

ملک کی 80 فیصد آبادی کسان آج زیر عتاب ہیں،اپنے بچوں کے منہ کا نوالہ چھین کر گندم پیدا کرنیوالوں کی فصل کی اصل قیمت نہیں مل رہی۔وہ پیپلز سیکرٹریٹ سنٹرل پنجاب میں شہزاد سعید چیمہ ،سید عنایت علی شاہ،میاں ایوب،نیلم جبار اور علامہ یوسف اعوان کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے ۔ حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ لوگ گندم سڑکوں پر لیکر بیٹھے ہیں کوئی خریدار نہیں،حکومت اعلان 3900کا کرتی ہیں لیکن خریداری 3100میں ہوتی ہے ،یہ ہوتا رہا تو کسان،کاشتکار اور ہاری سڑکوں پر ہونگے ،صدر مملکت سے درخواست ہے کہ وہ سب سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کر کے حل نکلوائیں،اپوزیشن اور کسان تنظیموں نے 29اپریل کی کال دے رکھی ہے ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ آنیوالے وقت میں پیدا ہونیوالا فوڈ بحران کسی سے سنبھالا نہیں جائیگا،پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کی بندر بانٹ ختم ہونے کے بعد یہ مسائل حل ہونگے ،گنے کا کاشتکار آج بھی در بدر ہے ، ہمارے ہاتھ کسی نے نہیں باندھ رکھے ،کسانوں کے احتجاج کا حصہ بنیں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں