سیاسی محاذ پر ٹھہراؤ کیلئے ڈائیلاگ ضروری :تھنک ٹینک

سیاسی محاذ پر ٹھہراؤ کیلئے ڈائیلاگ ضروری :تھنک ٹینک

لاہور ( دنیا نیوز )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا ہے کہ ڈائیلاگ کے حوالے سے بیانات سنجیدہ لینے کی ضرورت نہیں ،یہ لوگوں کی ذاتی رائے ہے ،اس وقت کسی جماعت کا ڈائیلاگ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

 یہ ماحول ڈائیلاگ کا نہیں ہے ،دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی نے اپنی طرف سے مذاکرات کی بات کی ہے ،جب تک بانی پی ٹی آئی جیل کے اندر ہے بات چیت نہیں ہوگی،اسٹیبلشمنٹ بھی بات چیت کرنے کو تیار نہیں ۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی محاذ پر ٹھہراؤ لے کرآنا ہے تواس کیلئے ڈائیلاگ ضروری ہے ،سب کوملکر بیٹھناہو گا،آج اگر پاکستان میں ٹکراؤ یا تناؤ ہے ، اس کی وجہ واضح ہے کہ کوئی ڈائیلاگ کیلئے سنجیدہ نہیں ،لیڈر شپ سیاسی مفادات کیلئے سب کچھ کررہی ۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا ڈائیلاگ کے حوالے سے دونوں طرف سے باتیں ہو رہی ہیں اس میں سنجیدہ پیشرفت ہو سکتی ہے ،لیکن ایشوز ہیں،سوال یہ ہے کہ بات چیت کس کے ساتھ ہو گی؟، بانی پی ٹی آئی زرداری اور نواز شریف کے ساتھ بات کرنے کو تیا ر ہی نہیں، اعتماد سازی کا فقدان ہے ۔تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے اندر کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو یہ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہے ،اگر یہ لوگ زرداری اور نواز شریف کے ساتھ مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو ان کو چاہیے اپنے آپ کو سیاستدان نہ کہلوائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں