متعدد وارداتیں:ڈاکو نجی ہسپتال لوٹنے کے دوران کھانا کھاتے رہے

 متعدد وارداتیں:ڈاکو نجی ہسپتال لوٹنے کے دوران کھانا کھاتے رہے

لاہور(کر ائم رپو رٹر)لاہور میں چوری ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی زیورات موبائل اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم ہو گئے ۔

شاہدرہ ٹاؤن میں 6 موٹرسائیکل سوار ڈاکو نجی ہسپتال میں مریضوں اور انکے لواحقین کولوٹنے کے بعد مریضوں کا کھانا بھی کھاتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے نصیر آباد میں بشارت کی فیملی سے 6 لاکھ مالیتی نقدی اور زیورات،گرین ٹاؤن میں جاوید کی فیملی سے 4 لاکھ اور زیورات،اقبال ٹاؤن میں کاشف سے اڑھائی لاکھ اور موبائل لوٹ لیا،اسی طرح مغل پورہ میں عامر سے ایک لاکھ نقدی اور موبائل،کوٹ لکھپت میں صدیق سے ایک لاکھ اور موبائل،شادمان میں اصغر سے پچاس ہزار اور موبائل فون سمیت دیگر اشیا چھین لیں ۔ علاوہ ازیں شاہدر ہ میں6 ڈاکوؤں نے 25 نمبر سٹاپ پر نجی ہسپتال میں گھس کر مریضوں اور سٹاف کو لوٹ لیاجبکہ لوٹ مار کرتے مریضوں کا کھانا بھی کھاتے رہے ۔ذرائع کا کہنا ہے اہل علاقہ کے بار بار کال کرنے پر بھی پولیس بروقت نہ پہنچی اور ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے ۔ادھر نوانکوٹ سے گاڑی جبکہ لیاقت آباد ،شالیمار ،مناواں اور ملت پارک سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں