بارش :پختونخوا میں چھتیں،آسمانی بجلی گرنے سے 3جاں بحق

 بارش :پختونخوا میں چھتیں،آسمانی بجلی گرنے سے 3جاں بحق

باجوڑ ،سوات ،اسلام آباد (اے پی پی،این این آئی)پختونخوا میں بارشوں کے د وران گھر کی چھت اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں2خواتین سمیت 3افراد جاں بحق اور 11افراد زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق پختونخوا میں بارش کے دوران ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقہ گیلی میں ایک گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں ملبہ تلے دب کر 2 خواتین جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار میں منتقل کر دیا ۔ دریں اثنا سوات کے علاقے بریکوٹ میں محلہ اکاخیل میں ایک مکان پر آسمانی بجلی گرگئی جس کے نتیجہ میں مکان کا برآمدہ منہدم ہوگیا اور کرایہ پر رہائش پذیر خاندان کا سربراہ دواخان موقع پر جاں بحق ہوگیاجبکہ اس کا بیٹا ذاکراوربہو مسماۃ (س)زوجہ ذاکر،بصیر کے چار بچے ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہوگئے ۔ تحصیل شکئی رابوت میں بھی پیش امام کے حجرے کی چھت گر گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ دوسری طرف سوات کی وادی کالام کے نواحی علاقے پلوگاہ اورمہوڈنڈ سمیت پہاڑوں پر برفباری ہوئی جس سے پہاڑوں کے نظارے مزید حسین ہوگئے اور ملک بھر سے آنے والے سیاحوں نے برفباری سے خوب لطف اٹھایا۔محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری اور بارش کا سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہنے کاامکان ہے ۔ادھر بارشوں سے پانی کا شارٹ فال ختم ہونے کے بعد ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ 30 لاکھ ایکڑ فٹ ہوگیا۔انڈس واٹر سسٹم اتھارٹی کے مطابق ایک ماہ کے دوران ڈیموں میں پانی کے ذخائر میں 20 لاکھ 20 ہزار ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا، ارسا نے پانی کے استعمال میں صوبوں کو فری ہینڈ دے دیا۔ترجمان ارسا کے مطابق صوبہ پنجاب کو 68 ہزار اور سندھ کو 55 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے ، کے پی کے کو طلب کے مطابق 2 ہزار کیوسک پانی کی فراہمی جاری ہے ۔بلوچستان کی نہریں بھل صفائی کے باعث آبپاشی کے لئے بند ہیں، دریائے کابل میں اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ہے ، آئندہ 48 گھنٹے میں دریائے کابل میں پانی کا بہاؤ 1لاکھ 50 ہزار کیوسک ہو سکتا ہے ۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بالائی اوروسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقا مات پر ژالہ باری کا امکان ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں