شہباز شریف بلاول ملاقات:سلیم حیدر پنجاب،فیصل کنڈی پختونخوا،جعفر مندوخیل بلوچستان کیلئے گورنر نامزد

شہباز شریف بلاول ملاقات:سلیم حیدر پنجاب،فیصل کنڈی پختونخوا،جعفر مندوخیل بلوچستان کیلئے گورنر نامزد

اسلام آباد ، لاہور (سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار ، نیوز ایجنسیاں )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب اور فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختو نخوانامزد کر دیا جبکہ مسلم لیگ ن نے پارٹی کے صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل کو گورنر بلوچستان بنانے کا فیصلہ کیاہے ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وزیر اعظم ہائوس میں شہباز شریف سے ملاقات کی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کی آمد پر خود استقبال کیا ۔ وزیر اعظم اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان گورنر کی تقرری پر مشاورت ہوئی، بلاول بھٹو نے سردار سلیم حیدر ، فیصل کریم کنڈی کے نام پیش کئے جبکہ ن لیگ نے جعفر مندوخیل کو گورنر بلوچستان کانام پیش کیا ۔وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے دونوں نام جلد اپنی ایڈوائس کے ساتھ صدر کو بھجوانے کی یقین دہانی کروائی۔اس سے قبل پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا کے لیے ظاہر شاہ اور پنجاب کے لیے قمر زمان کائرہ اور احمد محمود کے نام دئیے تھے ۔پارٹی کے اندر اتفاق رائے نہ ہونے پر امیدوار تبدیل کیے گئے ۔وزیر اعظم اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے وزیراعظم ہائوس میں اکٹھے کھانا کھایا۔وزیراعظم نے ایک بار پھر بلاول بھٹو کو مل کر آگے بڑھنے پر زور دیا۔ شہباز شریف نے ایک بار پھر حکومت کا حصہ بننے کی پیشکش کی۔

نامزد گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر نے دنیا نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مجھے خوشخبری سنائی ہے کہ آپ ہمارے گورنر پنجاب ہوں گے ، بتایا گیا ہے کہ نوٹیفکیشن جلد جاری ہوجائے گا۔سردار سلیم حیدر کا تعلق ضلع اٹک سے ہے اور وہ سابق وفاقی وزیر بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں۔سردارسلیم حیدرخان معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز بھی رہ چکے ہیں، وہ وزیر مملکت برائے دفاع اور دفاعی پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔وہ 2008 میں اٹک سے این اے 59 سے ایم این اے منتخب ہوئے ۔ فیصل کریم کنڈی سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی رہ چکے ہیں ۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی کیلئے خدمات پر سینئر رہنما شیخ جعفر مندوخیل کو بلوچستان کا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس سلسلے میں مرکزی قیادت نے صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل کو گورنر بنانے کی منظوری بھی دی ۔ دوسری جانب شیخ جعفر خان مندوخیل کا کہنا ہے کہ مجھے پہلے گورنر بنانے کے بارے میں بتایا گیا تھا لیکن تاحال مجھے گورنر بنانے کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں