وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آر کی سرزنش کردی

وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آر کی سرزنش کردی

اسلام آباد،حافظ آباد (نمائندہ دنیا،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین ایف بی آرامجد زبیرکی سرزنش کردی،ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق ایف بی آر کی کارکردگی میں ناکامی پر وزیراعظم نے چیئرمین امجد زبیرکو وارننگ دی۔

شہبازشریف نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی میری سمجھ سے باہر ہے ، ادارہ کارکردگی دکھانے میں ناکام ہو توعہدے سے ہٹ جائیں،چیئرمین امجد زبیر نے کہا میرے خلاف ادارے میں لابنگ ہو رہی ہے ، افسرکام نہیں کر رہے ،وزیراعظم نے کہا حکومت بنے 2ماہ ہو گئے ،آپ مجھے اب بتا رہے ہیں کہ ادارے میں افسر کام نہیں کر رہے ،چیئرمین امجد زبیر نے ملازمین کو عہدے سے ہٹوا کر ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطح جائزہ اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نے کہا پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے ، امید ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی ۔اجلاس کو سعودی عرب کی جانب سے کاروباری شخصیات کے اعلی سطح وفد کے آئندہ چند روز میں دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا گیا،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی جائے ۔مزید برآں وزیر اعظم سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویژن اور پولیو اوورسائٹ بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلائییس کی زیر قیادت عالمی انسداد پولیو اقدام کے وفد نے ملاقات کی، وزیراعظم نے کہا خطے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پاکستان اور افغانستان میں تعاون ضروری ہے ، انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے ہمہ گیر آگاہی مہم چلائی جائے ۔انسداد پولیو مہم میں شامل تمام اداروں کا احتساب اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا،عالمی اقتصادی فورم کے دوران سعودی عرب کی جانب سے عالمی انسداد پولیو اقدام کے لیے 50کروڑ ڈالر کے عطیہ کا اعلان خوش آئند ہے ۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ حافظ آباد کے علاقہ کولو تارڑ میں پہنچ کر ایم این اے سائرہ افضل تارڑ کے والد افضل حسین تارڑ کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مرحوم افضل حسین تارڑ پارٹی کے سرگرم رکن اور ہمارے دیرینہ دوست تھے ۔انہوں نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی۔دورِ آمریت ہو یا مشکل کی کوئی بھی گھڑی افضل حسین تارڑ ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑے رہے ۔ انکی وفات پر دلی طور پر صدمہ اور انتہائی افسوس ہے ۔سائرہ افضل تارڑ نے وزیر اعظم کوحافظ آباد میں گندم خریداری کوٹہ بڑھانے کی اپیل کی، جس پر شہباز شریف نے انہیں یقین دلایا کہ حافظ آباد میں سرکاری گندم خریداری کے کوٹہ کو بڑھایا جائے گا تاکہ کسانوں سے زیادہ سے زیادہ گندم خریدی جاسکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں