خضدار:کارپر مقنا طیسی بم حملہ:صدر پریس کلب اور 2راہگیر جاں بحق

خضدار:کارپر مقنا طیسی بم حملہ:صدر پریس کلب اور 2راہگیر جاں بحق

کوئٹہ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )بلوچستان کے علاقے خضدار میںکار پر مقناطیسی بم حملہ میں خضدار پریس کلب کے صدر اور جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے نائب امیر مولانا محمد صدیق موقع پر جبکہ دو راہگیر سگے بھائی محمد کریم، محمد وارث جاں بحق اور 8افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق خضدار کی قومی شاہراہ پر سلطان  ابراہیم خان روڈ پر گاڑی کو نشانہ بنایا گیاجس کے نتیجے میں خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق مینگل سمیت 3افرادشہید جبکہ 8سے زائدزخمی ہوگئے ۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ محمد صدیق مینگل اپنے گھر سے یونیورسٹی جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔خضدار پریس کلب کے صدر کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔پولیس کے مطابق دھماکے میں مرنیوالوں میں مولانا محمد صدیق مینگل بھی شامل تھے جو پیشہ سے ایک صحافی اور جمعیت علمائے اسلام ف بلوچستان کے نائب امیر تھے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد کو گاڑی سے چسپاں کیا گیا تھا اور اسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا گیا۔پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔رپورٹس کے مطابق خضدار پریس کلب کے صدر کو گزشتہ ماہ مراسلہ موصول ہوا تھا جس میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی ۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ،جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفورحیدری ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں