افغانستان میں کالعدم تنظیم نے6اہلکاروں کے قتل کا ٹاسک دیا:گرفتار ٹارگٹ کلر کا انکشاف

افغانستان میں کالعدم تنظیم نے6اہلکاروں کے قتل کا ٹاسک دیا:گرفتار ٹارگٹ کلر کا انکشاف

لاہور(کرائم رپورٹر)پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں گرفتار ملزم فیضان بٹ نے پولیس کو اعترافی بیان دیتے ہوئے کہا اسے افغانستان میں کالعدم تنظیم نے 6اہلکاروں کے قتل کا ٹاسک دیا،2اعلیٰ پولیس افسروں کو بھی ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ تھا۔

 ٹاسک مکمل ہونے پر افغانستان میں گھر اور بھاری رقم ملنا تھی۔پولیس نے ملزم کے والد کو بھی گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کا اصل نام محمد فیضان بٹ ولد فیاض احمد بٹ ہے ، شناختی کارڈ کے مطابق ملزم بادامی باغ لاہور کا رہائشی ہے اور اس کی عمر 21سال ہے ،جبکہ عارضی طورپر ڈیفنس میں اپنے بھائی کے ساتھ مقیم تھا،ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا 6لاکھ روپے میں 6پولیس والوں کو شہید کرنا تھا، دھماکا خیز مواد کے غلط مقدمے میں پھنسانے پر پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کر رہا تھا،جیل میں کالعدم تنظیم کے ایک کارندے سے ملاقات ہوئی،جس نے 6 لاکھ روپے دے کر میری ضمانت کروائی، کالعدم تنظیم کے کارندے نے مجھے جیل سے رہا کروا کے افغانستان کے علاقے خراسان بھجوا دیا،افغانستان میں ایک شخص سے ملاقات ہوئی جس نے 6 پولیس اہلکاروں کو قتل کر نے کا ٹاسک دیا ،اسکے بدلے میں مجھے افغانستان میں گھر اور بھاری رقم ملنا تھی،ٹاسک کیلئے پاکستان آکر پولیس اہلکاروں کو قتل کر رہا تھا، آسان ٹارگٹ دیکھ کر پولیس اہلکار کو قتل کرتا تھا، پستول ڈیرہ سے حاصل کیا، موٹرسائیکل شادباغ لاہور سے چھینی تھی،موٹر سائیکل کا نمبر تبدیل کر کے پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کر رہا تھا،مزید 3 پولیس اہلکاروں کو قتل کرنا تھا ،قتل کرنے کے بعد ویڈیو بنا کر افغانستان میں بھجواتا تھا،دہشت گرد کی گرفتاری کے دوران خودکش جیکٹ، ہیلمٹ ،شرٹ ، دستانے ، پین کیمرہ، 30بوراور نائن ایم ایم پستول برآمد ہوئے ہیں،پولیس نے ملزم سے رابطے میں رہنے والے 14افرادکی نشاندہی کر لی۔ ملزم کی کڑیاں بہاولپور میں چند روز قبل ہونے والے پولیس مقابلے سے ملتی ہیں، بہاولپورمیں سیف اللہ خراسانی ، اسد اللہ خراسانی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے ،پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد فیضان خراسانی فائرنگ کرنے سے پہلے اپنے ہدف کی ایک گھنٹہ تک ریکی کرتا تھا۔ ملزم لاہور کا رہائشی ہے اور جیل بھی جا چکا ہے ۔سی آئی اے پولیس نے ملزم فیضان بٹ کو سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا،ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے ملزم کی گرفتاری ڈال دی ہے ، سی ٹی ڈی پولیس ملزم سے مزید تفتیش کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں