چلاس:مسافربس کھائی میں جاگری ،21افراد جاں بحق،20زخمی

چلاس:مسافربس کھائی میں جاگری ،21افراد جاں بحق،20زخمی

گلگت، اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ، نامہ نگار،خصوصی نامہ نگار )راولپنڈی سے گلگت اور ہنزہ جانے والی مسافر بس چلاس کے قریب شاہراہ قراقرم پر خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری، 21 افراد جاں بحق اور20 شدید زخمی ہوگئے ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہرکیاجارہاہے ۔

حادثہ شاہراہ قراقرم پر اس وقت پیش آیا جب مارکو پولو ٹرانسپورٹ کمپنی کی مسافروں سے بھری بس گلگت کی طرف جا رہی تھی جب وہ چلاس یشوکل داس کے قریب پہنچی تو روڈ سے پھسل کر نشیب کی طرف کلٹیاں کھاتی ہوئی سینکڑوں فٹ نیچے دریائے سندھ کے کنارے جا گری ، حادثہ جمعہ کی صبح پانچ بجے پیش آیا،اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں چلاس اور گلگت سے جائے حادثہ پر پہنچیں، پولیس اور مقامی رضاکاروں کے تعاون سے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں، زخمیوں اور لاشوں کو کھائی سے نکالا گیا اور ڈی ایچ کیو ہسپتال چلاس منتقل کردیا گیا،شدید زخمی ہونے والوں کو پی ایچ کیو ہسپتال اور سٹی ہسپتال گلگت منتقل کیاگیا جبکہ مقامی انتظامیہ کے حکم پر چلاس اور گلگت کے مذکورہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے نام فہیم ساکن مانسہرہ بدقسمت بس کا ڈرائیور، کھتوری خاتون سکنہ جگلوٹ گلگت،گل شیر سکنہ جگلوٹ گلگت،شہباز خان سکنہ رحیم آباد گلگت ، اعجاز حسین سکنہ گوپس غذر ، خوشی محمد ملازم ایف ڈبلیو او سکنہ ایبٹ آباد ، فدا حسین سکنہ سکردو ، نجم خان سکنہ جاگیر بسین گلگت ،مرزا اسلم سکنہ گوپس غذر ، ابو ذر سکنہ تھور دیامر ، محمد امین سکنہ نارووال ،وارث علی سکنہ راولپنڈی بتائے جارہے ہیں،ہلاک ہونے والے 8 افراد کی شناخت تا حال نہیں ہو سکی ان کو شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب یشو خل داس کے مقام پر پیش آئے بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعلٰی گلگت بلتستان نے بس حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام ، وفاقی وزیرراناتنویر حسین،سپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفی شاہ نے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں