اپوزیشن اتحاد کے وفد کی آج امیر جماعت اسلامی سے ملاقات ہوگی

اپوزیشن اتحاد کے وفد کی آج امیر جماعت اسلامی سے ملاقات ہوگی

لاہور (سیاسی رپورٹرسے ، دنیا نیوز)اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا وفد آج امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرے گا،ملاقات منصورہ میں آج دوپہر دو بجے ہو گی۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی زیر قیادت وفد میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر ،ثناء اللہ بلوچ اور اسد نقوی بھی شامل ہونگے ،ملاقات کے دوران موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ جماعت اسلامی کو اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے کی دعوت بھی دی جائے گی۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے چاند پر پاکستان کے سیٹلائیٹ مشن آئی کیوب قمر کو تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مواقع دستیاب ہوں تو پاکستانی سائنس و ٹیکنالوجی میں کسی سے پیچھے نہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی نے انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی (IST)کے اساتذہ، طلبہ اور سپارکو ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بدحالی سے نکلنے کا واحد راستہ آئی ٹی و دیگر جدید ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دینے میں ہے ،حکومت کی ذمہ داری ہے وہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول اور مواقع فراہم کرے ۔ انھوں نے سیٹلائیٹ مشن کی کامیابی کے لیے دعا کرتے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں