وفاق اور پنجاب میں فیصلے نوازشریف کی مرضی سے ہورہے :عظمیٰ بخاری

وفاق اور پنجاب میں فیصلے نوازشریف کی مرضی سے ہورہے :عظمیٰ بخاری

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب متاثرہ افراد کیلئے 25 ہزار راشن بیگ پر مشتمل امدادی سامان روانہ کر دیا۔

 پختونخوا میں 6 ٹرک کھانے پینے کا سامان بھجوا رہے ہیں،پنجاب نے ہمیشہ تمام صوبوں کیلئے بڑے بھائی کا کردار نبھایا، ن لیگ کے قائد نوازشریف اسوقت پاکستان کے وزیراعظم بھی ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب بھی ہیں، وہ تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم ہیں  تمام حکومتوں کو انکے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے ، تمام فیصلے نوازشریف کی مرضی سے ہور ہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کے پی انتظامیہ اور وزیراعلیٰ بس دھمکیاں دیتے ہیں،میں نے آج تک نہیں سنا کہ پختونخوا میں کوئی پراجیکٹ شروع ہوا ہو، میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دو ماہ کے 38 پراجیکٹ گنوا سکتی ہوں،2 سے 3 پراجیکٹ خیبرپختونخوا والوں نے کاپی کرنے کی کوشش کی مگر پورے نہ کر سکے ۔ کاش پختونخوا حکومت اڈیالہ کے ساتھ ساتھ صوبے کے لوگوں کا بھی سوچے ،گندم کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف انکوائری کروارہے ہیں ،جلد تحقیقات قوم کے سامنے آئیں گی، موجودہ حکومت کا گندم ایشو سے کوئی لینا دینا نہیں ، پنجاب اسمبلی میں سٹینڈنگ کمیٹیوں کا معاملہ ایک دو دن میں حل ہو جائے گا، پنجاب میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق پولیس اور تمام سکیورٹی فورسز متحرک ہیں ،گلگت بلتستان واقعہ پر لوگوں سے اظہار یکجہتی کرنا چاہتی ہوں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں