ضمانت میں توسیع

 ضمانت میں توسیع

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) 9مئی کے مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی اور زرتاج گل کو ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع مل گئی۔

اعظم سواتی اور زرتاج گل انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے جہاں اعظم سواتی کی 22 مئی اور زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری میں یکم جون تک توسیع کردی گئی۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے زرتاج گل کا کہنا تھا کہ دھوبی گھاٹ میں دس مئی کا جلسہ پرامن ہوگا۔ نومئی کا دن کیسے منانا ہے پارٹی قیادت بتائے گی۔ ہمیں نو مئی کے حوالے سے بہت تکالیف دی گئی ہیں۔ سزائیں دینا بند کریں، بانی پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ بانی پی ٹی آئی جس کو چاہیں پارٹی میں واپس لیں، وہ فیصلہ کریں گے ۔ زبردستی پریس کانفرنس کرنے سے پارٹی کے لوگوں کا دل تو نہیں بدلا جا سکتا۔ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ایک پارٹی کی ساٹھ فیصد قیادت جیل میں ہے ۔ ہمیں جعلی کیسز پر تنگ کر رہے ہیں۔ فیصلہ ساز دیکھیں کیا آپ نے ایسے ملک چلانا ہے ۔

مہنگائی اور گندم کی قیمتوں میں بحران سے کسان پس چکا ہے ۔ ملک میں مارشل لا کی صورت بن رہی ہے ۔ وکلاء عدالت کے فیصلوں اور قانون کی حکمرانی کے لئے قربانی دے رہے ہیں۔ ہم مولانا فضل الرحمن اور جماعت اسلامی کو بھی دعوت دے رہے ہیں۔ جعلی پارلیمنٹ میں جعلی لوگوں کو چلتا کریں گے ۔ نو مئی واقعات پلان کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔ بانی پی ٹی آئی کے سب سے زیادہ قریب ہوں انہوں نے ایسا کبھی نہیں کہا کہ ملکی تنصیبات پر حملہ کریں۔ نو مئی پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے ۔ آرمی اور شہداء ہماری جان ہیں۔ نو مئی کرنے والوں کو بے نقاب کرنا اب ضروری ہوگیا ہے ۔ نومئی کے ایجنڈے پر کام کرنے والے بھارتی یا اسرائیلی ہی ہو سکتے ہیں پاکستانی نہیں ہوسکتے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں