سابق نگران وزیر اعظم کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں :احسن اقبال

 سابق نگران وزیر اعظم کے بیان  کی کوئی اہمیت نہیں :احسن اقبال

نارووال،اسلام آباد ،لاہور (صباح نیوز، این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں ، 8فروری کے الیکشن کو تمام جماعتوں نے تسلیم کر لیا، ایسے معاملات اٹھانے سے ملک میں بد امنی اور انتشار پیدا ہوگا۔

نگران حکومت نے جب گندم درآمد کی اس وقت غلے بھرے ہوئے تھے ،ہمیں گندم بحران ورثے میں ملا، وزیراعظم شہباز شریف نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک انٹرویو اور شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ نگران حکومت نے الیکشن کروانے کا کام اچھے طریقہ سے نبھایا ،جس جماعت کا جہاں مینڈیٹ تھا وہاں اس نے حکومت بنا لی ،اب کسی کو ایسا معاملہ یا چیز اٹھانے کی ضرورت نہیں،ایسے معاملات اٹھانے سے ملک میں بدامنی اور انتشار پیدا ہوگا،ہمیں 2029تک اپنے اپنے مینڈیٹ کے مطابق چلنا چاہیے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور اسحاق ڈار کی کابینہ میں شمولیت سے ن لیگ کی تقسیم کی افواہیں دم توڑ گئیں،پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز کاسامنا ہے اور ان سے نمٹنے کے لیے ہمیں سیاسی استحکام اورپالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے ، وزیر اعظم کے معاشی بحالی کے فیصلوں کے پیچھے پوری ن لیگ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گندم بحران کی صورتحال ہمیں ورثہ میں ملی، جب فصل مارکیٹ میں آئی تو اسی وقت کراچی میں جہاز لنگر انداز ہو گئے گندم کے معاملے پر وزیر اعظم نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی،رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے ،وسائل کے مطابق کسانوں کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں