جماعت اسلامی کے کسانوں کیلئے احتجاجی کیمپ لگ گئے

جماعت اسلامی کے کسانوں کیلئے احتجاجی کیمپ لگ گئے

لاہور(سیاسی نمائندہ ،دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی نے پنجاب حکومت کے گندم خریداری کے معاملے پر کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ڈویژن اور ضلع کی سطح پر احتجاج کیمپس کا آغاز کردیا۔

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر یہ احتجاجی کیمپ منگل تک جاری رہیں گے جن میں کسان اپنے مطالبات پیش کریں گے ،اس کے بعد جماعت اسلامی نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کررکھا ہے ۔گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے سامنے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہورضیا الدین انصاری، صدر کسان بورڈ وسطی پنجاب رشید احمد منہالہ موجود رہے ۔فیصل آباد میں امیر ضلع محبوب الزماں بٹ گھنٹہ گھر چوک میں احتجاجی کیمپ لگا کر بیٹھے ہیں ،ملتان شہر میں امیرجماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ محمد ظفر، جناح پارک شیخوپورہ میں امیر ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر،صدر کسان بورڈ ضلع شیخوپورہ صفدر ورک ، نارنگ منڈی میں زاہد عمران کوروٹانہ اور ریاست کلو احتجاجی کیمپ میں بیٹھے ہیں ۔ گوجرانوالہ، سرگودھا اوردیگر شہروں میں احتجاجی کیمپ جاری ہیں۔ دوسر ی طرف پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر نے گندم درآمد معاملے پر سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔ ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ گندم ایک منظم طریقے سے درآمد کی گئی ہے ،اقتصادی رابطہ کمیٹی میں جنہوں نے فیصلہ کیا سب سے پہلے ان کو پکڑیں اورانوارالحق کاکڑکو بھی گرفتار کریں جبکہ ترجمان تحریک انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ گندم سکینڈل پر انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی میں ہونے والی تکرار قوم کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ،یہ تلخ کلامی دراصل قومی خزانے سے لے کر قوم کا مینڈیٹ چرانے تک کے سفر میں ملوث کرداروں کا اعتراف جرم ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں