پنجاب حکومت نے ہیلتھ کارڈ کی مکمل بحالی کا عندیہ دیدیا

پنجاب حکومت نے ہیلتھ کارڈ کی مکمل بحالی کا عندیہ دیدیا

لاہور(سٹی رپورٹر،سپیشل رپورٹر)پنجاب حکومت نے ہیلتھ کارڈ کی مکمل بحالی کا عندیہ دیدیا، مریضوں کو گھروں تک ادویات کی مفت فراہمی منصوبے کا دائرہ کار بھی مزید بڑھایا جائے گا۔

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں مریضوں کو ادویات گھروں تک پہنچانے کے منصوبے کے تحت ابتدائی مرحلے میں دولاکھ مریضوں کی رجسٹریشن کر لی گئی ،انہیں دو ماہ کے لیے مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ مفت ادویات فراہمی منصوبے کا دائرہ کار مزید بڑھا کر پورے پنجاب میں مریضوں کی رجسٹریشن کی جائے گی،اس کے ساتھ ساتھ ہرضلع میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتالوں کا جال بچھایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں ہیلتھ کارڈ میں کرپشن کی بہت سی داستانیں سامنے آئی تھیں،منصوبے میں پائی جانے والی خرابیوں کو دورکرنے کے بعد اِسے مکمل بحال کرنے پر بھی کام ہورہا ہے ۔ دریں اثنا وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب بھر میں فیلڈ ہسپتالوں نے کام شروع کر دیا ہے ۔گزشتہ روز ایک دن میں فیلڈ ہسپتالوں نے ایک ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا اوروہاں موجود ٹیسٹنگ لیبارٹری سے 85 مریضوں نے ٹیسٹ کی سہولیات سے استفادہ کیا،72 مریضوں نے الٹراساؤنڈ اور ایکسرے ٹیسٹ کروائے ۔ انہوں نے کہا فیلڈ ہسپتال بہاولپور، جھنگ ،اوکاڑہ ،ملتان، مظفرگڑھ ،فیصل آباد اور سرگودھا کے دور دراز علاقوں میں مکمل طور پر فنکشنل ہو چکے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں