پیپلز پارٹی کے وفاقی کابینہ میں شمولیت کے امکانات واضح

 پیپلز پارٹی کے وفاقی کابینہ میں شمولیت کے امکانات واضح

(تجزیہ:سلمان غنی) وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہونے والی ملاقات اور خصوصاً تین صوبوں میں گورنرز کی تقرری کے بعد پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت میں شمولیت کے حوالہ سے چہ مگوئیاں جاری ہیں اور ذمہ دار حکومتی حلقے اس امر کی تصدیق کرتے نظر آ رہے ہیں۔

کہ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کیلئے تیار ہے اور پیپلز پارٹی نے متوقع وزرا کے نام بھی طے کر رکھے ہیں مگر کابینہ میں شمولیت بجٹ سے پہلے ہو گی یا بجٹ کے بعد یہ ابھی طے نہیں ہو سکا، لہٰذا ا س امر کا تجزیہ ضروری ہے کہ کیا پیپلز پارٹی کابینہ کا حصہ بن پائے گی اور حکومت پیپلز پارٹی کو کابینہ میں کس حد تک حصہ دینے پر تیار ہے اور وہ کونسی وجوہات تھی جس بنا پر پیپلز پارٹی نے خود کو آئینی عہدوں تک محدود کیا تھا ۔نئی حکومت کو بڑے اور خصوصاً معاشی چیلنج درپیش تھے اور پیپلزپارٹی کو ایسا لگا کہ شاید حکومت بڑے معاشی چیلنج کو حل نہ کر پائے لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی حوالہ سے نہ صرف یہ کہ اپنی حکومت کو خطرناک زون سے نکالا بلکہ آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدہ کے تحت پروگرام مکمل کیا اور نئے پروگرام کے حوالہ سے بھی امکانات روشن ہو گئے ۔بیرونی محاذ پربھی شہباز شریف کامیاب ہوئے ،سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری ،چینی وفود کے ساتھ ساتھ ایرانی صدر بھی پاکستان کے دورہ پر آئے اور بہت سارے ممالک نے پاکستان میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ،لہٰذا اب یہ نہیں کہا جا سکتا کہ پاکستان پر کوئی بڑے خطرات منڈلا رہے ہیں ۔جب خطرات ختم ہوتے نظر آنے لگے تو اس صورتحال میں پیپلز پارٹی وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں شمولیت کی آفر قبول کرے گی کیونکہ آنے والے بجٹ اور بجٹ سیشن میں حکومت کو پیپلز پارٹی کی مدد و معاونت درکار ہوگی اوراس حوالے کنفرم ہے کہ پیپلزپارٹی اپنے بعض رہنماؤں کو کابینہ میں شمولیت کیلئے گرین سگنل دے چکی ہے ۔ماہرین بھی گورنرز کی تقرری کے بعد اب کابینہ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت کو متوقع قرار دے رہے ہیں۔مسلم لیگ ن کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں ہماری حکومت ٹیک آف کر چکی ہے ہماری خواہش ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت میں شامل ہو لیکن اگر وہ اس سے گریزاں رہیں تو وجوہات وہی جانتے ہوں گے لیکن حقیقت یہی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت چاہتے ہیں لیکن انہوں نے کسی بڑی سیاسی جماعت کو ساتھ لئے بغیر حکومت کو چلا کر دکھا دیا ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں