پولیس کا ناروا سلوک،خواجہ سراؤں کا تھانے پر پتھراؤ

 پولیس کا ناروا سلوک،خواجہ سراؤں کا تھانے پر پتھراؤ

کھاریاں،گجرات، لالہ موسیٰ(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار ،نمائندہ دنیا ) پولیس کے مبینہ تشدد اور غیر انسانی سلوک پر خواجہ سراؤں کا تھانہ پر پتھراؤ،جی ٹی روڈ بلاک کر کے احتجاج، آئی جی پنجاب کا نوٹس، 2اہلکار معطل کر دئیے ۔

 تھانہ صدر کھاریاں کے دو اہلکار جمعہ کی رات 1بجے بس سٹاپ سے ہیرا نامی خواجہ سرا اور اسکی دوست کو زبردستی تھانہ لے گئے اور رات بھر غیر انسانی سلوک اور جنسی تشدد کیا جس پر دوسرے روز درجن بھر خواجہ سراؤں نے اپنے ساتھی کو چھڑانے کی کوشش کی۔ پولیس کی منت سماجت کی ناکامی پر پولیس اور خواجہ سراؤں میں تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا، برہنہ خواجہ سراؤں نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ پر ہلہ بول دیا ۔تھانہ پر پتھراؤ کیا، جی ٹی روڈ بلاک کر کے ٹریفک روک دی، احتجاج کیا، پولیس نے لاٹھی چارج کر کے ٹریفک بحال کی جس میں تین خواجہ سرا اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ، ایس ایچ او تھانہ صدر بلال نعیم کے مطابق میڈیا پر خبریں چلنے پر آئی جی پنجاب نے دو اہلکار عمر اور بلال یاسین کو معطل کر دیا ۔ ڈی پی او گجرات سید اسد نے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کر دی،ڈی پی او نے کہا کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے شفاف انکوائری کی جا رہی ہے ،انکوائری رپورٹ میں ذمہ داران دو اہلکاروں کو معطل کردیا گیا، اختیارات سے تجاوز کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں