لاہور :متعدد وارداتیں شہری لاکھوں سے محروم قصور میں ڈاکوؤں نے 2نوجوان قتل کردئیے

لاہور :متعدد وارداتیں شہری لاکھوں سے محروم قصور میں ڈاکوؤں نے 2نوجوان قتل کردئیے

لاہور،قصور(کر ائم رپو رٹر،نمائندہ دنیا ) صوبائی دارالحکومت میں چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے نقدی،طلائی زیورات سمیت دیگر اشیا سے محروم ہو گئے ۔

 دوسری طرف قصور میں ڈاکوؤں نے لاکھوں نقدی اور قیمتی اشیا لوٹ لیں اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے دو نوجوانوں کو قتل ، ایک کو شدید زخمی کر دیا ،شہریوں نے بڑھتی وارداتوں پر مین ملتان روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کرکے احتجاج  کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے شادباغ کے علاقہ عامر روڈ پر موٹرسائیکل سوار طاہر اور اسکی فیملی سے 5 لاکھ ،زیورات اور دیگر اشیا،ہربنس پورہ میں ندیم کی فیملی سے 5لاکھ نقدی اورزیورات ،ٹاؤن شپ میں حسن رضا کی فیملی سے تین لاکھ نقدی اور دیگر اشیا،شاہدرہ میں گلزار کی فیملی سے دو لاکھ نقدی، زیورات اور دیگر اشیا،بادامی باغ میں جمیل سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل ،نشتر کالونی میں گلفام سے ایک لاکھ روپے اور موبائل ، سول لائنز میں عرفان سے 60ہزار اور موبائل ،گلشن اقبال میں اظہر جاوید سے 40 ہزار اور موبائل ،قلعہ گجر سنگھ میں مختار سے 20 ہزار اور موبائل ،گڑھی شاہو میں عاشق سے 10ہزار نقدی اورموبائل لوٹ لیا۔

گلبرگ سے گاڑی ، ڈیفنس،وحدت کالونی،ستوکتلہ اور جنوبی چھاؤنی سے موٹرسائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ادھر پولیس تھانہ صدر قصور کے علاقہ کھاراموڑ کے نزدیک ڈاکوؤں نے رائے ونڈ کے رہائشی 40سالہ پرویز کو لوٹنے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔اسی طرح پولیس تھانہ صدر پھول نگر کے علاقہ اڈانتھے خالصہ میں ڈاکوؤں نے کریانہ سٹور میں گھس کر 40ہزار نقدی لوٹ لی اور مزاحمت پر کریانہ سٹور کے مالک رانا سجاد کو قتل اور اُس کے چھوٹے بھائی رانا عابد کو شدید زخمی کردیا۔ دریں اثنا کوٹ جان محمد سرائے مغل کے نزدیک ڈاکوؤں نے علی رضا سے 65ہزار500روپے ،کھڈیاں چک 41سرائے مغل کے نزدیک شیرمحمدسے 50ہزار،کوٹ جٹاں والا سرائے مغل کے قریب شاہد پرویز اور اُس کے ساتھی عبدالرحمن سے 52ہزار800روپے نقدی لوٹ لئے ، ضلع کچہری قصور سے نامعلوم چور مہراحسان علی کی کار جبکہ کوٹ محراب خاں کوٹ رادھاکشن سے محمدرمضان ، کاشف چوک پتوکی سے محمدخالد کی موٹرسائیکل چوری کرکے لے گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں