لاہور ،کراچی میں پاسپورٹ دفتر 24گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ

لاہور ،کراچی میں پاسپورٹ دفتر 24گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ) لاہور اور کراچی کے شہریوں کی سہولت کیلئے کم ازکم ایک پاسپورٹ دفتر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

ایکس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام کو آسانی اور سہولت فراہم کرنے کیلئے لاہور اور کراچی دونوں شہروں میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے شہریوں کیلئے کسی بھی وقت پاسپورٹ آفس کی سہولیات تک رسائی آسان اور ممکن ہوگی۔ لاہور میں گارڈن ٹائون پاسپورٹ آفس چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا جبکہ کراچی میں ریجنل پاسپورٹ آفس عوامی مرکز شارع فیصل چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی خصوصی طیارے کے ذریعے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر پہنچے ، وزیر دفاع خواجہ آصف نے ان کا استقبال کیا، محسن نقوی نے خواجہ آصف کے ہمراہ وی آئی پی لانج میں ایف آئی اے اور اے این ایف حکام سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق میٹنگ میں وزیر دفاع خواجہ آصف، ایف آئی اے ، اے این ایف، اے ایس ایف افسر بھی موجود تھے ۔وزیر داخلہ محسن نقوی کو چیکنگ کے طریقہ کار، روزانہ فلائٹ آپریشن اور مسافروں کے مسائل کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے ڈیپارچر کانٹر، بورڈنگ ہال، نادرا کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا، وزیر داخلہ نے متعلقہ سٹاف کو ہدایت کی کہ مسافروں کی سہولت کے لئے کاؤنٹر بڑھا دیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں