پنجاب بھر میں انٹر سٹی کرایوں میں 10 فیصد کمی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے پنجاب بھر کے آر ٹی ایز کو کرایوں میں کمی کروانے کے اقدامات کا حکم جاری کر دیا گیا ،انٹر سٹی کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی کی ہدایت پر سیکرٹری پی ٹی اے فیصل سلطان نے تمام اضلاع کے آر ٹی ایز کو حکم جاری کردیا کہ عوام تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچایا جائے ، بس اڈوں پر جا کر بس کمپنیوں اور ٹرانسپورٹ تنظیموں سے مل کر کر ایوں میں کمی کروائی جائے ۔دریں اثنالاہور میں سیکرٹری پی ٹی اے کی ہدایت پر ایم ایم پی آئی پنجاب نے پنجاب بس اونرز فیڈریشن کے صدر ملک ندیم حسین ا ور فلک شیر سے ملاقات کی ، جس میں ٹرانسپورٹرز نے تمام انٹر سٹی بسوں کے کرایوں میں دس فیصد کمی کا اعلان کر دیا گیا ۔ پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں کمی کا اطلاق کر دیا گیا جس کے بعد لاہور سے عبدالحکیم کا کرایہ 1500 سے کم کرکے 1350 ،ملتان کا 1600 سے کم کرکے 1440 ، مظفر گڑھ کا کرایہ 1850 سے کم کرکے 1670 ، بہاولپور کا 1800 سے کم کرکے 1620 اورلاہور سے خانیوال کا کرایہ 1600 سے کم کرکے 1450 کر دیا گیا۔