گرمی میں اضافہ، بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، شہریوں کا مظاہرہ

گرمی میں اضافہ، بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، شہریوں کا مظاہرہ

کراچی ،اسلام آباد،پاکپتن (اے ایف پی،آئی این پی،نمائندہ دنیا)ملک میں گرمی کی شدت بڑھ گئی ،سندھ کے دیہی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان جبکہ سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر 1ہزار سے زیادہ ہیٹ ویو ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری طرف بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے ، پاکپتن میں لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر سٹرک بلاک کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھی لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں شدید گرمی پڑی ،درجہ حرارت بڑھنے پر ہیٹ ویو اگلے ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر حصوں کو متاثر کرے گی ۔ادھر سندھ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اجے کمار نے کہا ہے کہ ریلیف کیمپ متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے ، ہیٹ سٹروک اور گرمی سے متعلق دیگر بیماریوں کے واقعات کو کم کرنے میں مدد کے لیے قائم کیے گئے ہیں ۔دوسری طرف ملک بھرمیں بجلی کی قلت ساڑھے چار ہزار میگا واٹ تک پہنچ گئی ،شارٹ فال کے باعث دیہی علاقوں میں6سے 8گھنٹے اورشہری علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی،بجلی کی بندش سے شہریوں کا جینا محال ہو کر رہ گیا۔علاوہ ازیں پاکپتن میں طویل لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ، شہریوں نے تنگ آکر کالج روڈ پر ٹائروں کو آگ لگا کرشدید احتجاج کیا،جس سے ٹریفک بلاک ہو گئی، مظاہرین نے ایکسین ، ایس ڈ ی او کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں