مریم نواز کا صحت کی مساوی سہولیات کے لیے گرینڈ ہیلتھ پیکیج کا اعلان

مریم نواز کا صحت کی مساوی سہولیات کے لیے گرینڈ ہیلتھ پیکیج کا اعلان

لاہور(اے پی پی )پنجاب میں ہر شہری کو صحت کی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ۔ شہروں اور دیہات میں رہنے والے عوام کو بلاامتیاز صحت کی مساوی سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیراعلی مریم نواز نے گرینڈ ہیلتھ پیکیج کا اعلان کر دیا۔

جبکہ دور دراز علاقوں کے مراکز صحت اور ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے لئے سپیشل الاؤنس کی منظوری بھی دے دی ۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت صحت عامہ پر خصوصی پلان پرتین گھنٹے طویل جائزہ اجلاس ہوا ۔پنجاب کے ہر ڈویژن میں صحت کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے مارچ 2025 تک صوبے کے تمام بنیادی اور دیہی مراکز صحت میں عالمی معیار کے مطابق خدمات کی فراہمی کا ٹاسک دیا اورجون2025 تک پنجاب کے تمام بڑے ہسپتالوں کی تعمیر ومرمت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی تعمیر جلد ازجلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بھکر میں قطری ہسپتال میں کینسر ہسپتال اور راجن پور میں بڑا ہسپتال قائم کرنے کی تجویز پربھی اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دوسرے مرحلے کو جلد مکمل کرکے فعال بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا46ارب کی لاگت سے پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کے پہلے مرحلے کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے نوازشریف کینسر ہسپتال کے پہلے مرحلے میں بستروں کی تعدادکو 100 سے بڑھا 150 کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پنجاب میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کا عالمی معیار کا خصوصی ہسپتال بنانے کی تجویز پر بھی غورکیا گیا۔ فری انسولین پروگرام کے آغاز، سملی ٹی بی ہسپتال کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کر نے اور انجیو گرافی سروسز کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ ہر ضلع میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت میڈیکل کالج قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔مریم نوازنے سیکرٹری ہیلتھ کوہسپتالوں میں دستیاب سہولتوں اور مریضوں کے رش کا تعین کرنے ،صحت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اورخدمات کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کا جامع نظام قائم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ داتا دربار آئی ہسپتال کو اوقاف کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔وزیر اعلیٰ نے منصو بوں کی تکمیل سے متعلق ٹائم لائن مرتب کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا منصوبوں کا معیار مثالی ہونا چاہئے ، کوئی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی جبکہ پنجاب کی ہر تحصیل میں فیلڈ ہسپتال کی سہولت فراہم ہونی چاہئے ۔وزیر اعلیٰ سے رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ (ن)ملک افضل کھوکھر نے ملاقات کی جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان اور سماجی بہبود سے متعلق اہم امور،ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل اور نئے منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔مریم نوازنے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے مقامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ لاہورڈویلپمنٹ پلان میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام، رابطہ سڑکوں اور پختہ گلیوں کی تعمیر شامل ہے ۔ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور پارکس کی بحالی بھی ڈویلپمنٹ پلان کاحصہ ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں