عرفان صدیقی سینیٹ کمیٹی خارجہ امور کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

عرفان صدیقی سینیٹ کمیٹی خارجہ امور کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی امور خارجہ کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا، وہ حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار تھے ۔

 سینیٹ سیکرٹریٹ کے بیان کے مطابق پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطاء الرحمن نے عرفان صدیقی کا نام چیئرمین کیلئے تجویز کیا، پی پی سینیٹر رانا محمودالحسن اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ نے بطور تائید کنندہ کاغذات نامزدگی پر دستخط کیے ۔ اجلاس میں پی پی ارکان شیری رحمان، رانا محمود الحسن، روبینہ قائمخانی، مسلم لیگ (ن) کے افنان اللہ خان شامل تھے ۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر علی ظفر اور سینیٹر لیاقت خان ترکئی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، انہوں نے نو منتخب چیئرمین کو مبارکباد دی اور تعاون کا یقین دلایا۔ علی ظفر نے کہا عرفان صدیقی کمیٹی کیلئے بہترین انتخاب ہیں۔ چیئرمین عرفان صدیقی نے بلا مقابلہ انتخاب پر تمام ارکان کا شکر یہ ادا کیا اور کہا وہ بطور سربراہ کمیٹی ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔ کمیٹی تھنک ٹینک کا کردار ادا کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے بھر پور تعاون کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں