پابندی کے با وجود وزیر دفاع خواجہ آصف نہر میں نہاتے رہے
موترہ(نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی طرف سے دفعہ 144کا نفاذ ہونے کے باوجود وفاقی وزیر دفاع خواجہ آ صف نہر میں نہا کر گرمی دور کرتے رہے ، ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں سری پائے بھوننے ’ون ویلنگ اور نہروں میں نہانے پردفعہ 144 نافذ کی تھی۔
گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف گرمی کی شدت محسوس کرنے پر اپنے بیٹے اور کارکنوں کے ہمراہ ڈسکہ کی مرالہ راوی لنک نہر موترہ پر پہنچے اور گرمی دور کرنے کیلئے موترہ نہر میں چھلانگیں لگاکر نہاتے رہے ۔ اس موقع پر شہریوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر کی دفعہ 144صرف عام شہریوں کیلئے ہے ، اگر حکمرانوں نے قانون ہاتھ میں لینا ہے تو ایسے قانون کاکیافائدہ جہاں غریب کو انصاف نہیں ملتا اورحکمرانوں کے آگے قانون گھٹنے ٹیک دے ۔