ڈاکٹرز میں پھوٹ ،ساہیوال ہسپتال عملے کا احتجاج ختم نہ کرنیکا فیصلہ

 ڈاکٹرز میں پھوٹ ،ساہیوال ہسپتال  عملے کا احتجاج ختم نہ کرنیکا فیصلہ

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن میں پھوٹ پڑگئی،ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کا احتجاج ختم نہ کرنے کا فیصلہ،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے فیصلوں سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ساہیوال کے صدر ڈاکٹر اسامہ کا کہنا ہے کہ ساہیوال کے ڈاکٹرز کو وائے ڈی اے پنجاب نے اعتماد میں نہیں لیا،صدر ینگ ڈاکٹر شعیب نیازی اپنی  سیٹ بحال کرانے کے لیے عدالت گئے ۔شعیب نیازی نے پرانے کیس میں ساہیوال کا کیس شامل کیا۔ساہیوال کے ڈاکٹرز سے مشاورت کے بغیر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا گیا، ہم نے کبھی کسی جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ نہیں کیا، ساہیوال کے ڈاکٹرز کو لاہور ہائیکورٹ میں فریق نہیں بنایا گیا، ہم ساہیوال ہسپتال میں ہڑتال ختم نہیں کریں گے ، پنجاب حکومت سے معافی، معطل ڈاکٹرز کی بحالی ہمارا مطالبہ ہے ۔دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی کا کہنا ہے کہ ساہیوال ہماری جنرل کونسل کا حصہ نہیں، جنرل کونسل اجلاس میں 99فیصد ووٹ ہڑتال ختم کرنے کے لیے آئے ۔ہمارے سوموار یا منگل کو ہیلتھ سیکرٹریٹ میں مذاکرات ہونگے اسکے بعد آئندہ کا لائحہ عمل بتائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں