ڈرامے باز بنوں واقعے پر سیاست کر رہے :تحریک انصاف

پشاور( نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بعض مسترد شدہ سیاسی ڈرامے باز بنوں واقعے پر سیاست کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے خیبرپختونخوا دہشت گردی سے پہلے ہی متاثر ہے اور کسی بھی بڑے سانحے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔اپنے ایک بیان میں صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ انتشار کی سیاست کرنے والوں کے منفی عزائم سے عوام باخبر ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بنوں کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ واقعے کے فوری بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تمام مصروفیات چھوڑ کر بنوں کے معاملات پر توجہ دی ہوئی ہے ۔رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمارے ارکان اسمبلی کو دباؤ میں لا کر وفاداریاں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ایم این ایز کی خریداری کے لیے بڑی بڑی آفرز ہو رہی ہیں۔ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے ، بانی چیئرمین، بشریٰ بی بی اور دیگر اسیران کو ناحق جیلوں میں قید کر رکھا ہے ۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک طرف آگ و خون کا کھیل کھیلا جارہا ہے ، دوسری جانب سیاسی جماعتوں کا کریک ڈاؤن ہو رہا ہے ۔