غفلت پر دو سینئر سفارتکارمشرق وسطیٰ ڈیسک سے فارغ

اسلام آباد (آئی این پی )وزارت خارجہ نے دو سینئر سفارتکاروں کو اہم ذمہ داری سے غفلت برتنے پرایکشن لیتے ہوئے مشرق وسطیٰ ڈیسک سے ہٹا دیا ۔ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ میں مشرق وسطیٰ ڈیسک پر تعینات دو سینئر افسران کو عہدوں سے فارغ کردیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل فوزیہ فیاض اور ڈائریکٹر سعدیہ اعوان کو وزارت خارجہ میں عہدوں سے فوری ہٹا دیا گیا ہے ، اس سلسلے میں وزارت خارجہ نے نوٹس جاری کردیا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان افسر وں کی مبینہ لاپرواہی کے نتیجے میں ایک اعلی ٰعمانی وفد وزیراعظم اورسیکرٹری خارجہ اور دوسرے اعلیٰ حکام سے بروقت ملاقات نہیں کر سکا تھا۔اعلیٰ عمانی وفدمسقط دہشتگردی کے واقعہ کے بعد پاکستانی اعلیٰ ترین حکام سے اہم ملاقاتیں کرنا چاہتا تھا،ذرائع نے بتایا کہ ایڈیشنل سیکرٹری مشرق وسطی ٰرضوان سعید عہدے پر کام جاری رکھیں گے ۔ سفارت کاروں کو وزارت خارجہ کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کا حکم دیاگیا ہے ۔