وزیر خزانہ کی دوسرے روز موڈیزکے نمائندوں سے زوم میٹنگ

وزیر خزانہ کی دوسرے روز موڈیزکے نمائندوں سے زوم میٹنگ

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دوسرے روز عالمی ریٹنگز ایجنسی موڈیز کے نمائندوں کے ساتھ زوم میٹنگ کی جس دوران انہوں نے پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں اور آئی ایم ایف سے نئے قرض پروگرام کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

 وزیر خزانہ نے موڈیز نمائندوں کو بتایا جون میں زرمبادلہ ذخائر 9 ارب 40 کروڑ ڈالر رہے جبکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی بہترین ہے ۔وزیر خزانہ نے بتایا پاکستان کی حساس اعشاریوں میں افراط زر شرح 12.6 فیصد پر آگئی،غیر ملکی ترسیلات زر میں 7.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق موڈیز کے نمائندوں نے پاکستان کے معاشی اقدامات کو سراہا ۔ پیر کو وزیر خزانہ نے فچ ریٹنگز ایجنسی کے نمائندوں سے زوم میٹنگ کی تھی ۔علاوہ ازیں ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا اگست کے آخر میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا۔انہوں نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ بیرونی فنانسنگ گیپ پر مذاکرات جاری ہیں، بیرونی فنانسنگ گیپ پر مذاکرات سٹاف لیول معاہدے کی منظوری میں رکاوٹ نہیں ہوں گے ۔وزیر خزانہ نے کہا چین نے مختلف فورمز پر ہماری مدد کی ہے ، چینی وزیر خزانہ سے ملاقات کرکے ان کا شکریہ ادا کروں گا۔ چینی حکام کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر بات چیت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں