9 مئی : عمران کا پولی گراف، وائس میچنگ ٹیسٹ سے انکار

9 مئی : عمران کا پولی گراف، وائس میچنگ ٹیسٹ سے انکار

راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور (خبر نگار، اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر )سابق وزیر اعظم عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں پولی گراف، وائس میچنگ ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ۔

 تفتیش کے دوران پولیس نے مختلف سوالات کیے ،جیل ذرائع کے مطابق راولپنڈی اڈیالہ جیل میں تفتیش کے دوران بانی تحریک انصاف نے سوالات کے جواب دینے سے انکار کیا اور کہا مجھے پولیس پر اعتبار نہیں ،تفتیشی ٹیم کے سربراہ ڈی ایس پی جاوید آصف نے جواب دیا کہ آپ پولیس کے تفتیشی افسروں سے تعاون کریں ہم آپ کے ساتھ انصاف کریں گے ۔ اس یقین دہانی پر بانی پی ٹی آئی نے 15 منٹ تک پولیس کے سوالات کے جوابات دیئے ،بانی پی ٹی آئی نے پی ایف ایس اے کی ٹیم کو جواب دیا کہ میں بہت سے تفتیشی اداروں کے زیر تفتیش ہوں فی الحال کوئی ٹیسٹ نہیں کراؤں گا،مختلف ٹیسٹ کے حوالے سے بعد میں پولیس کو وقت دوں گا ۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات، نئے کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے دائر درخواست پر اعتراض دورکرتے ہوئے آج دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

انسداد دہشتگری عدالت میں زیر سماعت آزادی مارچ کے حوالے سے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر پر جواب جمع کرادیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل دو رکنی بینچ نے انسداد دہشتگری عدالت کی جانب سے 9 مئی کے 12 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کی منظوری کے خلاف درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کر لیا،بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جسمانی ریمانڈ کے استدعا کے وقت ذاتی طور پر عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، لہذا جسمانی ریمانڈ غیر قانونی ہے ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم نے بشریٰ بی بی کی جانب سے مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے آج سماعت کیلئے مقرر کرنیکا حکم دیدیا،رجسٹرار آفس نے بشریٰ بی بی کی دستاویزات پر انگوٹھے کے نشان نہ ہونے کا اعتراض عائد کیاتھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں