ٹانک:ججز کے قافلے پر دہشتگردوں کی فائرنگ،2پولیس اہلکار شہید
ڈی آئی خان،اسلام آباد،پشاور(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ،سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹر سے) ٹانک میں ججز کے قافلے پر حملے میں سکواڈ میں شامل 2 پولیس اہل کار شہید ہو گئے ۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے سنگم پر ایڈیشنل جج ٹانک حسنین، ایڈیشنل سیشن جج ساؤتھ اور سینئر سول جج مہ جبین کے قافلے پر حملہ کیا گیا، جس میں 2 پولیس اہل کار شہید ہو گئے جبکہ 2افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، رپورٹس کے مطابق ججز کے قافلے پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید اہلکاروں میں سپاہی عبداللہ اور سپاہی صمد شامل ہیں تاہم حملے میں ججز محفوظ رہے ۔ سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق حملہ ڈیرہ اسماعیل خان روڈ پر بھگوال کے قریب کیا گیا۔شہید پولیس اہلکاروں کاتعلق خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان سے ہے ،لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے علاقے کی ناکا بندی کرکے دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ جنوبی وزیرستان کی وانا پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی ، شہدا کی کی میتیں آبائی گاؤں توئی خلہ روانہ کردی گئیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ، انہوں نے شہید اہلکاروں کیلئے بلندی درجات کی دعا کی ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلا نی اوروزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کی شہادت پر لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔ ادھرٹانک میں جوڈیشل افسران کے قافلے پر حملے کے واقعہ کے بعد چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو پیر کو طلب کرلیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا کہنا ہے جوڈیشل افسران کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے اس پرسمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔