پاکستان:-شہباز شریف کا ارشد ندیم کیلئے15کروڑ،مریم نواز کا 10کروڑ انعام اور کار کا تحفہ

شہباز شریف کا ارشد ندیم کیلئے15کروڑ،مریم نواز کا 10کروڑ انعام اور کار کا تحفہ

facebook sharing button Share
twitter sharing button Tweet
whatsapp sharing button Share
sharethis sharing button Share
شہباز شریف کا ارشد ندیم کیلئے15کروڑ،مریم نواز کا 10کروڑ انعام اور کار کا تحفہ

اسلام آباد (نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں شاندار کارکردگی، طلائی تمغہ جیتنے اور اولمپک ریکارڈ بنانے پر انکے لئے 15 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

وزیراعظم نے ارشد ندیم اور اہلخانہ کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر شہباز شریف نے ارشد ندیم انکی والدہ اور اہل خانہ کا استقبال کیا۔تقریب میں ہاکی سمیت مختلف کھیلوں کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں،حکومتی وزرا نے بھی شرکت کی ۔ وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا ارشد ندیم نے پاکستان کو یوم آزادی سے پہلے ایک شاندار تحفہ دیا جس نے جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایف 9 اور ایف 10 سیکٹر کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے ،جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت دینے کیلئے ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی میں 2028 کے اولمپکس کیلئے کھلاڑیوں کو تربیت دے کر بھرپور مقابلے کیلئے تیار کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کھلاڑیوں کی بہبود، ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرنے کیلئے 1 ارب روپے کے سپورٹس انڈومنٹ فنڈز کے قیام کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہاکی ، کرکٹ اور اسکواش کو دوبارہ بحال کرنا ہو گا ۔ وزیر اعظم نے ارشد کے کوچ سلمان بٹ کے لیے بھی ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا۔ ارشد ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں،پورے پاکستان نے میرا استقبال میری محنت سے زیادہ کیا، جو عزت کھلاڑی کو دی جاتی ہے وہ سب سے اہم ہوتی ہے ۔ارشد ندیم نے کہا میں بہت خوش ہوں اللہ تعالٰی نے گولڈ میڈل جتوایا ہے ، 14 اگست گولڈ میڈل کے ساتھ منائیں گے ۔انہوں نے کہا اللہ تعالی ٰمجھے فٹ رکھے میں ورلڈ ریکارڈ قائم کروں گا۔ انہوں نے کہا پنجاب یوتھ فیسٹیول کا لگایا ہوا پودا ہوں ، دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کروں گا۔

لاہور،میاں چنوں(اے پی پی ،دنیا نیوز، نمائندہ دنیا)ہیرو کی پذیرائی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خودمیاں چنوں  کے نواحی گاؤں میں اولمپیئن ارشد ندیم کے گھر پہنچ گئیں۔ 101 پندرہ ایل میں وزیر اعلیٰ کی آمد پر ارشد ندیم اور اہل خانہ نے پر خلوص استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم کی والدہ رضیہ پروین کو گلے لگایا اور مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم کی والدہ کو اپنے ساتھ بٹھایا اور کافی دیر باتیں کرتی رہیں۔ انہوں نے گھر کے اندر خود جاکر ارشد ندیم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ نے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔ ارشد ندیم نے اولمپکس مقابلوں کی یاد تازہ کی اور اپنی کاوش سے آگاہ کیا۔ مریم نواز نے ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کا چیک دیا اوربطور تحفہ ہنڈا سوک کا ر کی چابی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی پچاس لاکھ روپے کا چیک دیا اور ارشد ندیم کے کوچ اور استاد کو شاباش دی۔ مریم نواز نے کہا ارشد ندیم نے قوم کو بے مثال خوشی سے ہمکنار کیا۔ ارشد ندیم اور انکے والدین نے وزیر اعلیٰ کی آمد کو عزت افزائی قرار دیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق، عامر حیات ہراج، پیر اسلم بودلہ،چیف سیکرٹری اور دیگر بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں