جوہری،تابکاری مواد کی چوری،فروخت پر تشویش ،عالمی برادری بھارت سے جواب طلبی کرے:پاکستان
اسلام آبا د( مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے بھارت میں جوہری اور تابکار ی مواد کی چوری اور اس کی غیر قانونی فروخت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت سے کیلیفورنیم مواد برآمدگی کے انکشافات پر جواب طلبی کرے۔
بھارت میں ایسے مواد کا مسلسل غلط ہاتھوں میں پایا جانا نہ صرف انتہائی خطرناک بلکہ حفاظتی اقدامات کیلئے بھی سوالیہ نشان ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان وا قعہ کی مکمل تحقیقات اور اس کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ تازہ ترین وا قعہ میں غیر قانونی طور پر ایک انتہائی تابکار اور زہریلا مادہ ایک گینگ کے قبضے میں پایا گیا، مواد کی مالیت 100 ملین امریکی ڈالر ہے ، 2021 میں بھی تابکاری کی چوری کے تین واقعات رپورٹ ہوئے تھے ۔ترجمان کاکہنا تھا کہ پچھلے ماہ ، بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر سے مبینہ طور پر چوری ہونے والے تابکار ڈیوائس دہرادون سے ملے تھے ، یہ بار بار ہونے والے واقعات نئی دہلی کی طرف سے جوہری اور دیگر تابکار مواد کی حفاظت اور اس کے لئے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان ہیں ، یہ واقعات ہندوستان کے اندر حساس، د ہرے استعمال کے مواد کی بلیک مارکیٹنگ کے وجود کی بھی نشاندہی کرتے ہیں ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں 2021 میں کیلیفورنیم کی چوری کے 3 واقعات رپورٹ ہوئے تھے ، بھارت میں 5 افراد کے ایک گروہ سے مبینہ طور پر بھابھا ایٹمی ریسرچ سینٹر سے چرائی ہوئی ریڈیو ا یکٹو ڈیوائس بھی برآمد ہوئی ۔گزشتہ روز بھارتی ریاست بہار کے گوپال گنج ضلع میں 3 افراد کی گرفتاری کے بعد نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر سخت دباؤ آگیا ہے ۔