نیا توشہ خانہ کیس :عمران ، بشریٰ کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، کورٹ رپورٹر ، خبر نگار سے )اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ نئے کیس میں گرفتاری کے خلاف درخواست 15 اگست کو سماعت کیلئے مقرر کر دی ۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار سماعت کریں گے ، نیب کے ابتدائی طلبی کے نوٹسز کے خلاف درخواست بھی سماعت کے لئے یکجا کر دی گئی ۔ جسٹس ارباب طاہر کے چھٹیوں پر ہونے کے باعث جسٹس بابر ستار بینچ کا حصہ ہوں گے ۔ادھر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے پنجاب پولیس کو 9 مئی واقعات کے تناظر میں بشریٰ بی بی کے خلاف درج 12 مقدمات میں تفتیش کی اجازت دے دی،گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 9 مئی واقعات کے تناظر میں بشریٰ بی بی کے خلاف درج 12 مقدمات میں تفتیش کی اجازت کیلئے پنجاب پولیس کی درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب پولیس کو بشریٰ بی بی سے تفتیش کی اجازت دے دی ۔
دریں اثنا انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف بارہ مقدمات میں شہادت کا فرانزک کرانے کی درخواستیں دائر کر دی گئیں ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج عرفان حیدر نے سماعت کی ۔مقدمات کے تفتیشی افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیوز اور موبائل فون کا فرانزک کرنا ہے ۔بانی ٹی آئی کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ اور وائس میچ ٹیسٹ کرانا ہے ۔بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کے دوران یہ فرانزک ٹیسٹ نہیں ہو سکے ۔فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ میں ان درخواستوں پر نہ سماعت کر سکتا ہوں نہ فیصلہ دے سکتا ہوں ۔بانی پی ٹی آئی کا جسمانی ریمانڈ ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دیا تھا ،آپ کو مشورہ ہے آپ سپریم کورٹ چلے جائیں یا آپ ایڈمن جج کی تعطیلات ختم ہونے کا انتظار کریں،میں ڈیوٹی جج ہوں ان درخواستوں کو نہیں سن سکتا ہوں ،ہائیکورٹ فیصلہ کے بعد یہ معاملہ میری نظر میں قابل سماعت نہیں رہا ہے ،تفتیشی افسران عدالت سے مایوس لوٹ گئے اور کہا اب ستمبر میں ایڈمن جج کے پاس دوبارہ درخواستیں دائر کریں گے ۔