سیاسی ملی بھگت:مزید3ریٹائرڈ فوجی افسرزیرحراست:2بریگیڈئیر اور ایک کرنل سیاسی جماعت اور فیض حمید کے درمیان رابطہ کاری میں شامل تھے
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی اور تحقیقات کے سلسلے میں مزید 3ریٹائرڈ فوجی افسروں کو تحویل میں لے لیاگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق تینوں ریٹائرڈ افسر فوجی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ،یہ افسراور ان کے ساتھی مخصوص سیاسی مفادات کی ایما پر ملی بھگت سے عدم استحکام کو ہوا دے رہے تھے ، اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق تحویل میں لیے گئے افسروں میں بریگیڈیئر (ر) غفار ، بریگیڈیئر (ر)نعیم اور کرنل(ر)عاصم شامل ہیں، دونوں بریگیڈیئرز کا تعلق پنجاب کے ضلع چکوال سے ہے اور وہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے ساتھ رابطے میں تھے اور ایک سیاسی جماعت کیلئے پیغام رسانی کا کام کرتے تھے ،واضح رہے چند روز قبل نجی ہاؤسنگ سکیم کے معاملے میں مداخلت سمیت پاکستان آرمی ایکٹ کی دیگر خلاف ورزیوں پر انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے کر ان کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل شروع کیا گیا تھا۔
راولپنڈ ی (خصوصی نیوز رپورٹر)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا دشمن گھنائونا پراپیگنڈا کررہا،جعلی خبروں سے خبردار رہنا ہوگا،شرپسند عناصر عوام اور مسلح افواج میں خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے ناکام بنائیں گے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم آزادی پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ریٹائرڈ فوجی افسروں کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا،جس میں ریٹائرڈ فوجی افسروں اور جوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، آرمی چیف نے سابق فوجیوں کی خدمات کو دلی خراج تحسین پیش کیا اور ان کی لگن اور قوم کی تاریخ کی تشکیل میں اہم کردار کو سراہا، تقریب میں آرمی چیف نے چیلنجز کے مقابلے میں اتحاد اور لچک کی بنیادی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سابق فوجی پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں،آرمی چیف نے دشمن عناصر کی جعلی خبروں اور پراپیگنڈے کے گھناؤنے خطرے سے بھی خبردار کیا اور کہا کہ یہ پراپیگنڈا عوام اور مسلح افواج کے درمیان تعلقات کو کمزور کرنے کیلئے کیا جاتا ہے ، سابق فوجیوں سمیت قوم کی غیر متزلزل حمایت ایسی تمام فضول کوششوں کو ناکام بنائے گی،آئی ایس پی آر کے مطابق سابق فوجیوں نے بھی پاک فوج کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور اندرونی و بیرونی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں اپنی حمایت کا اعادہ کیا،یہ تقریب پاک فوج اور اس کے سابق فوجیوں کے درمیان اٹوٹ بندھن کا ثبوت ہے ، پاک فوج اور سابق فوجی ملک کی خوشحالی اور سلامتی کیلئے اپنے عزم میں متحد ہیں۔