اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی حراست کے خلاف پٹیشن سماعت کے لئے منظور

اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ  کی حراست کے خلاف پٹیشن  سماعت کے لئے منظور

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس محمد رضا قریشی نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی حراست کے خلاف دائر پٹیشن سماعت کے لئے منظور کر لی ہے اور ابتدائی سماعت کے بعد تھانہ صدر بیرونی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 اگست کو جواب طلب کرلیا ۔

سینٹرل جیل اڈیالہ کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی اہلیہ میمونہ ریاض نے ہوم سیکرٹری پنجاب، سیکریٹری دفاع، سپرنٹنڈنٹ جیل، آئی جی پنجاب اور ایس ایچ او تھانہ صدر بیرونی پولیس کو فریق بناتے ہوئے عدالت میں پٹیشن دائر کی تھی ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 14 اگست کی علی الصبح خفیہ تحقیقاتی اداروں نے اس کے شوہر کو جیل کی آفیسرز کالونی میں واقع رہائش گاہ سے غیر قانونی حراست میں لیا جس پر درخواست گزار نے 15 اگست کو متعلقہ پولیس کو مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست دی لیکن پولیس نے نہ تو کوئی معلومات دیں اور نہ مقدمہ درج کیا جبکہ 15 اگست کی رات ہی سرچ وارنٹ کے بغیر غیر قانونی طور پر درخواست گزار کے گھر چھاپہ مارا گیا اور گھر کی تمام ڈیوائسز بند کر کے قبضہ میں لے لی گئیں ۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد تھانہ صدر بیرونی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ 20 اگست کو تفصیلی جواب دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں