اظہرمشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کیلئے حکم نامے کی کاپی وزیر اعظم کو دینے کی ہدایت

 اظہرمشوانی کے بھائیوں کی  بازیابی کیلئے حکم نامے کی کاپی  وزیر اعظم کو دینے کی ہدایت

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کی بازیابی کیلئے دائر درخواست میں دونوں بھائیوں کی بازیابی کیلئے فریقین کو ایک اور موقع دیتے ہوئے حکم نامے کی کاپی وزیر اعظم اور اٹارنی جنرل کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت سے جاری سماعت کے تحریری حکم نامہ میں کہاگیاکہ عدالتی احکامات کے مطابق سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرائی،سیکرٹری داخلہ کی رپورٹ کے مطابق کوئی بھی انٹیلی جنس ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں، رپورٹ کے مطابق مغویان کی بازیابی کی کوشش کی گئی مگر کوئی سراغ نہ ملا،ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مغویان اسلام آباد پولیس کی تحویل میں نہیں،امید ہے اٹارنی جنرل اس حوالے سے پالیسی تشکیل دینے کیلئے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے ، شہریوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے والے سرکاری اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا تعین بھی کیا جائے ،فریقین کو مغویان کی بازیابی سے متعلق احکامات پر عملدرآمد کیلئے 20 اگست تک ایک اور موقع دیا جاتا ہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کارکن محمد فیضان کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت سے جاری سماعت کے تحریری حکم نامہ میں کہاگیاکہ ریکارڈ سے ظاہر نہیں ہوتا کہ آیا پولیس کی درخواست منظور کی گئی یا ایجنسیوں کو خطوط لکھے گئے ،ایجنسیوں کو خطوط لکھنے سے متعلق پولیس کی درخواست پر جلد فیصلہ کیا جائے ،فریقین لاپتہ فیضان کی بازیابی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں،درخواست کو 20 اگست کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں