منکی پاکس کے3کیسز کی تصدیق ،ایئرپورٹس،سرحدوں پر ہیلتھ ٹیمیں تعینات

منکی پاکس کے3کیسز کی تصدیق ،ایئرپورٹس،سرحدوں پر ہیلتھ ٹیمیں تعینات

مردان ،اسلام آباد(بیورورپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں رواں سال منکی پاکس کیسز کی تعداد 3 ہوگئی،ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ارشاد روغانی نے خیبر پختونخوا میں منکی پاکس کے 3 مصدقہ کیسز کی تصدیق کردی ، سعودی عرب سے مردان واپس آنیوالا مریض گھرسے غائب ہوگیا۔

ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کے 3 کنفرم کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں سے ایک کیس اس ہفتے کنفرم ہوا ہے جبکہ دو پہلے کے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ منکی پاکس کے مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈز بنائے جارہے ہیں جبکہ ایئرپورٹ سمیت بین الاقوامی بارڈز پر ہیلتھ کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں اور کوویڈکی ٹیموں کو ان مقامات پر فعال کردیا گیا ہے ۔ بیرونی ممالک سے آنے والے تمام مشتبہ مسافروں کی تشخیص کی جارہی ہے جس سے یہ واضح ہوا ہے کہ ہمارا اپنا کوئی کیس نہیں، سارے کیسز خلیج ممالک سے آرہے ہیں۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت نے ایمرجنسی بھی ڈکلیئر کی ہوئی ہے جبکہ ہم پہلے ہی عوام اور طبی عملے کیلئے ایڈوائزری جاری کرچکے ہیں۔ محکمہ صحت ایم پاکس وبا کے سد باب کیلئے اس کی سرویلنس اور انسدادی اقدامات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔یاد رہے کہ 2 سال کے دوران پاکستان میں منکی پاکس کے 12 کیسز سامنے آئے ہیں ، عالمی ادارۂ صحت نے بھی اب منکی پاکس کو عالمی ایمرجنسی قرار دے دیا ہے ۔ سعودی عرب سے وطن واپس آنے والے مردان کے سیدمسلم میں منکی پاکس کی تشخیص، پشاور میں علاج ومعالجے کے دوران ہوئی ۔محکمہ صحت مردان کے حکام کے مطابق گزشتہ روز مریض کو گائیڈ لائن مہیاکرنے کیلئے میڈیکل ٹیم ان کی رہائشگاہ پر گئی تو ان کے گھر کو تالے لگے تھے جس پر ان کے آبائی علاقے ضلع دیر کے ڈی ایچ او سے رابطہ کیاگیا تو پتہ چلا کہ وہ وہاں پر بھی موجود نہیں ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں