انٹر نیٹ سروس میں خلل کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

انٹر نیٹ سروس میں خلل کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے ملک بھر میں انٹر نیٹ سروس میں خلل کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ مفاد عامہ کی درخواست ہے اس پر مناسب احکامات جاری کئے جائیں گے ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کے توسط سے دائردرخواست پر سماعت کی جس میں انٹر نیٹ سروس میں خلل کو چیلنج کیا گیا۔درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ انٹر نیٹ سروس میں خلل اور اس کی رفتار سست ہونے سے آئی ٹی سے منسلک افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں اور آن لائن کاروبار کرنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا ہے ، انٹرنیٹ سروس میں خلل کو ختم کرنے کا حکم دیا جائے ۔عدالت نے استفسارکیاکہ کیا پی ٹی اے از خود انٹرنیٹ کی بندش کا فیصلہ کرسکتا ہے یا اسے وفاقی حکومت کی اجازت کی ضرورت ہے ۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست پر تفصیلی جواب داخل کرنے کیلئے مہلت دینے کی استدعا کی ۔سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی اے سے معلوم کرنا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار سست کیوں ہے ، عدالت نے باور کرایا کہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے اور آپ کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ مناسب معلومات ہی نہیں،عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں