خاتون افسر پر تشدد،پی ٹی آئی کے ایم این اے کیخلاف مقدمہ

 خاتون افسر پر تشدد،پی ٹی آئی  کے ایم این اے کیخلاف مقدمہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پراسیکیوشن برانچ کی خاتون افسر کو ہراساں کرنے پر پی ٹی آئی کے ایم این اے چنگیزخان کاکڑ اور ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

 عدالتوں کی پراسیکیوشن برانچ میں تعینات خاتون افسر سحرش عارف نے تھانہ وویمن میں دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ دوران ڈیوٹی پی ٹی آئی کے ایم این اے ایڈووکیٹ چنگیزخان کاکٹر اپنے دیگر 7ساتھیوں کے ہمراہ ان کے دفتر میں آئے اور ایک کیس کے معاملے میں تحریر کیے گئے ریمانڈ پر ان سے تلخ کلامی کرنے لگے ۔ جس پر جج سے بات کرنے کا کہا تو چنگیزخان اور ان کے ساتھی طیش میں آگئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ خاتون افسر کے مطابق واقعہ کے بعد تمام وکلا ڈی پی پی کے دفتر میں جمع ہوئے جہاں انہیں اور ان کے والد کو چنگیز کاکڑ اور ان کے دیگر ساتھیوں نے نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے ۔ پولیس نے خاتون افسرکی درخواست پر پی ٹی آئی کے ایم این اے سمیت5نامزد اور 2 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں