کارساز حادثہ:اس کیس کو ماڈل کیس بنائیں گے:ڈی آئی جی
کراچی (سٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے کارساز ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے باپ اور بیٹی کے لواحقین سے ان کے گھر میں ملاقات کی اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ علینہ راجپر بھی موجود تھیں۔
ڈی آئی جی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ المناک حادثے پر دلی افسوس ہے ،پولیس اپنا کام اور تمام تر امور میرٹ کی بنیاد پر کررہی ہے ،علینہ راجپر کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی ہے ،کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئی ہیں۔ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ امکان ہے کہ ملزمہ کے خون کے نمونوں کی رپورٹس 24 گھنٹوں میں مل جائیں گی،رپورٹس آنے کے بعد کیس میں مزید دفعات لگانے یا نکالنے کا فیصلہ کیا جائے گا،کیس کے مزید متاثرہ افراد سے درخواست ہے وہ پولیس سے رابطہ کریں،ملزمہ کہاں سے آئی کہاں جارہی تھی؟تحقیقات کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کو ماڈل کیس بنائیں گے ،ملزمہ کے اہل خانہ کی جانب سے میڈیکل ہسٹری سمیت کسی بھی قسم کی دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں۔