ہڑتالوں سے مشکل فیصلے تبدیل نہیں کروائے جاسکتے ، گورنر سندھ

ہڑتالوں سے مشکل فیصلے تبدیل نہیں  کروائے جاسکتے ، گورنر سندھ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہڑتالوں سے مشکل فیصلے تبدیل نہیں کروائے جاسکتے ، وزیراعظم شہباز شریف جب کراچی آتے ان سے بجلی ٹیرف پر بات کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا جواب ہوتا ہے ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں۔ یہ بات انہوں نے فیڈرل بی ایریا ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔گورنرسندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت صنعتی فعالیت اور تجارت میں اضافہ کے لئے پر عزم ہے ا س ضمن میں صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے جائیں گے ۔ عوام کے ساتھ صنعت کاروں اور تاجروں کے لئے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ہم اس شہر کے وارث ہیں اس کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ، جب معیشت ٹھیک ہوتی ہے تو سازشیں شروع ہو جاتی ہیں۔ ایک اور سوا ل کے جواب میں گورنر نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کو وزیراعظم کے ساتھ بٹھانے کو تیار ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی بحران سے نکلنے کی کوشش کرتا ہے تو بلوچستان جیسے واقعات ہوتے ہیں۔کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ مضبوط بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے کوشش کرنی چاہیے ، ماضی میں مضبوط بلدیاتی نظام تھا، مصطفیٰ کمال نے بڑا کام کیا۔میئر کراچی کے پاس جادو کی چھڑی نہیں، مسائل کا حل وقت طلب ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں