ایم کیوایم نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دے دی

ایم کیوایم نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دے دی

کراچی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاق میں ن لیگ کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دیدی۔ ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمیں پیپلزپارٹی سے بات کرنے کا کہا جاتا ہے۔

 ہم نے معاہدہ پیپلز پارٹی سے تو نہیں کیاتھا، ہم نے آپ سے معاہدہ کیا آپ پیپلز پارٹی سے بات کریں، ہمارا میئر نہیں ہے ہم وفاق میں ہیں وزیر اعظم سے کہہ سکتے ہیں لیکن مسلم لیگ ن نے 8 ماہ میں ہمیں وہ عزت نہیں دی جس کے ہم حقدار تھے ، آئینی ترمیم پر حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن چاہتے ہیں بلدیاتی اختیارات کا معاملہ حل کیا جائے ، اگر زبردستی مزید بیس سال کے لیے کوٹہ سسٹم نافذ کرنے کی کوشش کی تو پھر ہم اسمبلی رکنیت اور حکومت چھوڑ دیں گے ۔بتایا جارہا ہے کہ حکومتی رویے پر متحدہ قومی موومنٹ کے ارکانِ اسمبلی نے مایوسی کا اظہار کردیا، ایم کیو ایم کے ارکانِ اسمبلی نے کہاکہ کوٹہ سسٹم میں توسیع پر حکومت میں رہنے کے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے ، کوٹہ سسٹم شہری سندھ کا تعلیمی و معاشی قتلِ عام ہے ۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کی جانب سے رائے دی گئی کہ غیر سنجیدہ رویے پر حکومت میں شامل ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے ۔ ایم کیو ایم قیادت نے اپنے اراکین اسمبلی کو حکومت کی حمایت کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے جلد اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرا دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں