لاہورہائیکورٹ نے پی این آئی ایل لسٹ کا ریکارڈ طلب کرلیا
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں پی این آئی ایل لسٹ کے تحت شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کیخلافدرخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے پنجاب حکومت سے پی این آئی ایل لسٹ کا مکمل ریکارڈ دس روز میں طلب کرلیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ کیا اس لسٹ میں جرائم پیشہ افراد ہیں یا صرف سیاسی لوگ ۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کے روبرو درخواست گزار شہری منیر کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ پی این آئی ایل لسٹ کا قانونی وجود نہیں ،بیرون ملک سفر سے روکنے کیلئے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور ای سی ایل لسٹ میں نام ڈالے جاسکتے ہیں۔ پی این آئی ایل لسٹ سمگلرز کیلئے بنائی گئی تھی۔ حکومت کی جانب سے اسکااستعمال سیاسی بنیادوں پرکیا جارہا ہے ۔ عدالت اس لسٹ میں شہریوں کے نام ڈالنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے ۔