ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے اتھارٹی بنانے کی منظوری

ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے اتھارٹی بنانے کی منظوری

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ، موٹروے ونیشنل ہائی ویز و انفراسٹرکچر کی تعمیر سمیت سرکاری اثاثہ جات کا ڈیٹا بینک بنانے کے لیے پاکستان انفرسٹرکچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایسٹس (اثاثہ جات ) مینجمنٹ اتھارٹی ( پی آئی ڈی اینڈ ایم اے )(PIDMA) بنانے کی منظوری دے دی ۔ وفاقی حکومت نے تحلیل شدہ پی ڈبلیوڈی کے افسران ،ملازمین اور تمام اثاثہ جات کو مذکورہ اتھارٹی کے ماتحت کرنے کافیصلہ کیاہے ۔

وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں، سی ڈی اے ، این ایچ اے و دیگر اداروں کے تمام ترقیاتی منصوبے پی آئی ڈی اینڈایم اے کے ذریعے مکمل کروائے جائیں گے ۔ اتھارٹی ترقیاتی منصوبوں ،انفراسٹرکچر ، موٹرویز ،نیشنل ہائی ویز ، ڈیمز ،پل، سرکاری عمارتوں سمیت دیگر تعمیر ات کے لیے نجی شعبہ سے اشتراک کرسکے گی۔ پاکستا ن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اینڈاثاثہ جات مینجمنٹ اتھارٹی 8 رکنی بورڈ کے ذریعے چلائی جائے گی جس کا سربراہ چیئرمین ہوگا جومتعلقہ وزارت کاسیکرٹری ہوگا۔ اتھارٹی بورڈ میں خزانہ، قانون، متعلقہ وزارتوں کے گریڈ21کے افسران ، دو نجی شعبے کے ممبران شامل ہوں گے ۔ اتھارٹی کے انتظامی امور چیف ایگزیکٹو آفیسر چلائے گا جس کو حکومت پاکستان تین سال کے لیے تعینات کرے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر اتھارٹی کاسیکرٹری بھی ہوگا۔ اتھارٹی کو ابتدائی طور پر حکومت پاکستان بجٹ فراہم کرے گی تاہم بعد ازاں اتھارٹی لائسنس ،رجسٹریشن فیس کی مد میں اپنا بجٹ جمع کرے گی۔ اتھارٹی ملک بھر میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کرے گی ۔اتھارٹی سرکاری املاک ، زمین، جائیداد ،عمارتوں ،مشینری ،آلات اوراثاثہ جات کا ڈیٹا بینک بنائے گی جس میں تمام ریکارڈ محفوظ کیاجائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں