جسٹس جہانگیری کی ڈگری کیس جسٹس ظفر کی سماعت سے معذرت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ظفر راجپوت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کے معاملے پر درخواستوں کی سماعت سے معذرت کرلی۔
جسٹس ظفر راجپوت کا کہنا ہے کہ میں جامعہ کراچی سنڈیکیٹ کا رکن ہوں،کیس نہیں سن سکتا۔کل بھی مجھے کراچی یونیورسٹی میں اجلاس کے لیے جانا ہے ۔عدالت نے نئے بینچ کو مقرر کرنے کے لیے معاملہ چیف جسٹس کوبھیج دیا۔خیال رہے کہ عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف سنڈیکیٹ کمیٹی کو کارروائی سے روک رکھا ہے ۔عدالت نے مزید ایکشن نہ لینے کے حکم امتناع میں بھی توسیع کرتے ہوئے درخواستوں کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی۔ درخواست گزارابراہیم سیف الدین ایڈووکیٹ نے فریق نجی ٹی وی اینکرکے رہائشی پتے سے متعلق ترمیمی ٹائٹل جمع کروا دیا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسلامیہ کالج کو بھی فریق بنا دیا گیا ہے ۔وکیل جامعہ کراچی سرمد ہانی ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ کراچی یونیورسٹی درخواستوں پر تحریری جواب جمع کراچکی ہے ، درخواست گزار اسلام آباد ہائی کورٹ بارنے جامعہ کراچی کے جواب پر جواب الجواب جمع نہیں کرائے ۔عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف سنڈیکیٹ کمیٹی کو کارروائی سے روک رکھا ہے ۔ عدالت نے مزید ایکشن نہ لینے کے حکم امتناع میں توسیع کردی۔