ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی اڈیالہ جیل سے رہا

ایمان مزاری اور ان کے شوہر  ہادی علی اڈیالہ جیل سے رہا

اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ، این این آئی) ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا، انسداد دہشتگردی عدالت نے ان کی ضمانت منظور کی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست منظور کرکے ٹرائل کورٹ کا جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے کر انہیں جوڈیشل کرنے کا حکم سنایا تھا۔ عدالت نے کہا انسداد دِہشتگردی عدالت کے جج نے جسمانی ریمانڈ کے فیصلے میں ٹھوس وجوہات بیان نہیں کیں۔ علاوہ ازیں انگلینڈ ٹیم کے روٹ پر ٹریفک میں خلل ڈالنے کے کیس میں گرفتار ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے سامنے پیش کیا گیا، وکلاء نے دلائل میں کہا اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمانڈ کالعدم قرار دیا ہے ، عدالت نے بیس بیس ہزار کے مچلکوں پر دونوں کی ضمانت منظور کر لی۔ پولیس نے ہادی علی کو آہنی مکا رکھنے کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود کی عدالت میں پیش کر کے جوڈیشل کرنے کی استدعا کی۔ ہادی علی کی درخواست ضمانت دائرکی گئی، عدالت نے آج کیلئے نوٹس جاری کیا تاہم بعد ازاں سماعت کر کے ضمانت منظور کرنے کا حکم سنادیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں