گرین لاک ڈاؤن شاید زیادہ موثر نہ ہو،آلودگی دوسرے علاقے میں چلی جائیگی:ہائیکورٹ

گرین لاک ڈاؤن شاید زیادہ  موثر نہ ہو،آلودگی دوسرے  علاقے میں چلی جائیگی:ہائیکورٹ

لاہور (عدالتی رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کی جانب سے گرین لاک ڈاؤن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ گرین لاک ڈاؤن سے ایک علاقے کی آلودگی دوسرے علاقے میں منتقل ہوجائے گی۔

یہ شاید زیادہ موثر نہ ہو،گزشتہ برس ہم نے ہفتے میں دو روز گھر سے کام اور جمعہ ، ہفتہ سکولز کی بندش ،مارکیٹس کے اوقات کار تبدیل کیے تھے جبکہ اتوار کو کمرشل سرگرمیاں مکمل بند کی تھیں، ہمیں دوبارہ ایسے اقدامات کی طرف جانا ہوگا ،ماحولیاتی کمیشن اس حوالے سے سیکرٹری ماحولیات سے میٹنگ کرکے فیصلہ کرے ۔جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔عدالت نے قرار دیا کہ لاہور بہت بڑا شہر ہے اس کے گردونواح میں دھواں چھوڑنے والی ہیوی گاڑیوں پر کریک ڈاؤن کیا جائے ، عدالت نے حکم دیا کہ ٹرمینل پر کھڑی بسوں کو چیک کیا جائے موٹر وے پولیس بھی گاڑیوں کی فٹنس چیک کرے ۔جسٹس شاہد کریم نے کمشنر لاہور ڈویثرن کو قصور ٹینریز کے ری فلٹر پلانٹس کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی عدالت نے مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں