پولیس انسپکٹر شوہر کا سرکاری پستول سے نر گس پر مبینہ تشدد

پولیس انسپکٹر شوہر کا سرکاری پستول سے نر گس پر مبینہ تشدد

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ نرگس نے اپنے پولیس انسپکٹر شوہر کے خلاف لاہور میں گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کروادیا اور الزام لگایاہے کہ انسپکٹر ماجد بشیر نے انہیں متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔

ڈیفنس سی کے تھانے میں نرگس کے نام سے جانے جانیوالی غزالہ ادریس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیاگیا ،ایف آئی آر کے مطابق نرگس کا کہناہے کہ ماجد بشیر نے سرکاری پستول سے میرے منہ پر لگاتار وار کئے ، میرا منہ خون میں لت پت ہوگیا،شوہر میرے 9کنال کے پلاٹ پر قبضہ کرناچاہتے ہیں اور اس سے قبل بھی تین مجھے تشدد کا نشانہ بنا چکے ہیں ۔سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں اداکارہ کے چہرے اور ہاتھوں پر تشدد کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں۔ پولیس نے انسپکٹر ماجد بشیر کے خلاف مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 354 اور 506 بی کے تحت درج کیا ہے ، دفعہ 354 خواتین پر مجرمانہ تشدد اور توہین کے حوالے سے ہے جبکہ دفعہ 506 بی کسی کو قتل یا نقصان پہنچانے کی دھمکی دینے سے متعلق ہے ۔نرگس ساؤنڈ ریکارڈنگ انجینئر ادریس بھٹی کی بیٹی ہیں اور 1992میں فلم ناگن سپیرا سے کیریئر کا آغاز کیاتھا اوراب تک 100سے زائد فلموں میں کام کیا ۔نرگس اور ماجد بشیر کی شادی تقریباً آٹھ برس پہلے ہوئی تھی اور اداکارہ نے شوہرکے مشورے پر شوبزکی دنیاچھوڑ کر ایک بیوٹی سیلون کھول لیا تھا۔کینیڈین شہریت رکھنے والی اداکارہ نرگس2002میں اس وقت بھی خبروں کی زینت بنیں جب انہوں نے پولیس افسر عابد باکسر پر تشدد کا الزام لگایا تھا۔

نرگس کے ساتھ ان کے تعلقات کی خبریں اور پھر کچھ اختلافات کی بنیاد پر مبینہ طور پر اداکارہ کا سر منڈوانے کا واقعہ مہینوں تک خبروں میں رہاتاہم عابد باکسر نے نرگس پر تشدد کرنے کے الزام کی تردید کی تھی۔ عابد باکسر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ جب وہ سبزہ زار تھانے میں بطور ایس ایچ او تعینات تھے تو وہاں نرگس سے ایک تفتیش کے دوران اُن سے پہلی ملاقات ہوئی تھی۔ میں نے نرگس کے بال نہیں منڈوائے تھے مگر ڈانٹا ضرور تھا،اس پر نرگس اور اپنے گھر والوں سے معافی مانگ چکا ہوں اور 2002 کے بعد سے میرا نرگس سے کوئی رابطہ نہیں ہے ۔ ماضی میں نرگس پر رقص کے دوران مبینہ طور پر فحاشی پھیلانے کا الزام بھی لگا اور ان کی گرفتاری بھی عمل میں آئی تھی۔پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ کاکہناہے کہ وزیراعلٰی مریم نوازشریف نے نرگس پر تشددکا فوری نوٹس لیا اور ان کی ہدایت پرمیں نے نرگس سے ملاقات کی ہے ۔تشدد کے ایسے واقعات بالکل بھی قابل قبول نہیں، نرگس کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ان کا کہناتھاکہ ماجد بشیر کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا جبکہ نرگس کیلئے پروٹیکشن آرڈر جاری کیاگیاہے اور ان کی حفاظت کیلئے پولیس تعینات کی گئی ہے ۔ اداکارہ نرگس پر تشدد کیس کی میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی ،کندآلے سے تشددکانشانہ بنایاگیا،رخسار ، ماتھے ، سر اور بازووں پر چوٹیں آئیں ،دائیں آنکھ بھی متاثر ہوئی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں